Saturday

خلیفہ سوم سیدنا ذوالنورین ؓ/3rd Khalifa

خلیفہ سوم سیدنا ذوالنورین ؓ

جنگ تبوک کے موقع پر حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم کو اس جنگ میں مال خرچ کرنے کی ترغیب فرمائی اس موقعہ پر صدق و وفاءکے پیکر خلیفہ اول سیدنا حضرت ابوبکر صدیقؓ نے گھر کا تمام سامان اور مال و اسباب اور خلیفہ دوم سیدنا عمر فاروقؓ نے نصف مال لاکر حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے قدموں میں نچھاور کر دیا ، ایک روایت کے مطابق اس موقعہ پر سیدنا حضرت عثمان غنیؓ نے ایک ہزار اونٹ ، ستر گھوڑے اور ایک ہزار اشرفیاں جنگ تبوک کیلئے اللہ کے
راستہ میں دیں حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم منبر مبارک سے نیچے تشریف لائے اور حضرت عثمان غنیؓ کی سخاوت سے اس قدر خوش تھے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے دست مبارک سے اشرفیوں کو الٹ پلٹ کرتے تھے اور فرماتے تھے کہ ”ماضرّ عثمان ما عمل بعد ہذا الیوم“ آج کے بعد عثمانؓ کا کوئی کام اس کو نقصان نہیں پہنچائے گا
حضرت سعید ؓ فرماتے ہیں کہ میں نے حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ اوّل شب سے طلوع فجر تک ہاتھ اٹھا کر سیدنا حضرت عثمان غنیؓ کیلئے دُعا فرماتے رہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے! اے اللہ میں عثمانؓ سے راضی ہوں تو بھی راضی ہو جا۔
ایک روایت میں ہے کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ! اے عثمان اللہ تعالیٰ نے تیرے تمام گناہ معاف کر دیئے ہیں جو تجھ سے ہوچکے یا قیامت تک ہونگے۔ ام المو¿منین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہؓ فرماتی ہیں کہ میں نے حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کو کبھی اتنا ہاتھ اٹھا کر دعا کرتے ہوئے نہیں دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بغل مبارک ظاہر ہو جائے مگر عثمانِ غنی ؓ کیلئے جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم دعا فرماتے تھے تو بغل مبارک ظاہر ہوجاتی تھی۔
سیدنا حضرت عثمان غنیؓ ایک مدت تک ”کتابتِ وحی“ جیسے جلیل القدر منصب پر بھی فائز رہے اس کے علاوہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے خطوط وغیرہ بھی لکھا کرتے تھے، حضرت عثمان غنیؓ کی یہ حالت تھی کہ رات کو بہت تھوڑی دیر کیلئے سوتے تھے اور تقریباً تمام رات نماز وعبادت میں مصروف رہتے ، آپؓ ”صائم الدہر“ تھے، سوائے ایام ممنوعہ کے کسی دن روزہ کا ناغہ نہ ہوتا تھا، جس روز آپؓ شہید ہوئے اس دن بھی آپؓ روزہ سے تھے، ہر جمعة المبارک کو دو غلام آزاد کرتے ، ایک مرتبہ سخت قحط پڑا تمام لوگ پریشان تھے اسی دوران حضرت عثمان غنیؓ کے ایک ہزار اونٹ غلے سے لدے ہوئے آےئے تو مدینہ کے تمام تاجر جمع ہوگئے تاجروں نے کئی گناہ زائد قیمت پر اس غلے کو خریدنے کی کوشش کی لیکن آپؓ نے فرمایا کہ مجھے اس سے بھی زیادہ نفع ملتا ہے تم سب لوگوں کو گواہ کرتا ہوں کہ میںنے یہ سب غلہ اللہ تعالیٰ کی راہ میں ”فقراءمدینہ“ کو دیدیا جب حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم مکہ سے مدینہ منورہ ہجرت کر کے تشریف لائے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام رضوان اللہ علہیم کو میٹھے پانی کیلئے بڑی دقّت و تکلیف تھی، صرف ایک میٹھے پانی کا کنواں تھا جس کا نام بیئر رومہ“ تھا جو ایک یہودی کی ملکیت میں تھا، وہ یہودی جس قیمت پر چاہتا مہنگے داموں پانی فروخت کرتا حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص اس کنویں کو خرید کر اللہ کے راستہ میں وقف کر دے اس کیلئے جنت کی بشارت و خوشخبری ہے ۔ سیدنا حضرت عثمان غنیؓ نے اس کنویں کو خرید کر وقف کر دیا ۔ خلیفہ دوم سیدنا حضرت عمر فاروق ؓ قاتلانہ حملہ میں شدید زخمی ہونے کے بعدجب دنیا سے رخصت ہونے لگے تو صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم نے ان سے درخواست کی کہ آپؓ اپنا جانشین و خلیفہ مقرر فرمادیں سیدنا حضرت عمر فاروق ؓ نے ”عشرہ مبشرہ“ صحابہ کرام ؓ میں سے چھ نامور شخصیات ، حضرت عثمان غنی ؓ ، حضرت علی المرتضیٰؓ، حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ، حضرت طلحہؓ ، حضرت زبیر ؓ اور حضرت سعید بن زیدؓ کو نامزد کر کے ”خلیفہ“ کے انتخاب کا حکم دیا بالآخر حضرت عبد الرحمن بن عوفؓ نے خفیہ رائے شماری کے ذریعہ حضرت عثمان غنیؓ کو خلیفہ نامزد کیا
سیدنا حضرت عثمان غنیؓ نے خلیفہ منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطبہ میں خاص طور پر یہ باتیں ارشاد فرمائیں! اے لوگو! نیک کام کرو، کیونکہ صبح و شام کوچ کرنا ہوگا، دنیا مکروفریب میں لپٹی ہوئی ہے اس کے قریب بھی نہ آو¿، گزری ہوئی باتوں سے عبرت حاصل کرو۔
سیدناحضرت عثمان غنیؓ 24ھ میں نظام خلافت کو سنبھالا اور خلیفہ مقر ر ہوئے تو شر وع میں آپؓ نے22لاکھ مربع میل پر حکومت کی اس میں سے بیشتر ممالک فتح ہوچکے تھے لیکن ابھی یہاں مسلمان مستحکم نہیں ہوئے تھے اور خطرہ تھا کہ یہ ممالک اور ریاستیں دوبارہ کفر کی آغوش میں نہ چلی جائیں لیکن حضرت عثمان غنیؓ نے فوج کو جدید عسکری انداز میں ترتیب دیا ، آپ ؓ کے دور خلافت میں سیدناحضرت امیر معاویہؓ نے اسلام کا پہلا بحری بیڑا تیار کر کے ”بحر اوقیانوس“ میں اسلام کا عظیم لشکر اتار دیا اس طرح پاپائے روم پر سکتہ طاری کر کے آپ ؓ کی فوجوں نے فرانس ویورپ کے کئی ممالک میں اسلام کے آفاقی نظام کو پہنچا دیا اسلامی فوجوں نے عثمانی دور میں ہی سندھ مکران ، طبرستان اور کابل سمیت متعدد ایشیائی ممالک فتح کئے ، آپ ؓ کے دور خلافت میں ہی اسلامی حکومت سندھ اور کابل سے لیکر یورپ کی سرحد تک پہنچ گئی سیدنا حضرت عثمان غنیؓ کے دور خلافت میں مملکت اسلامیہ کی حدود بہت وسیع ہوگئی تھیں یہاں انتظامی اور رفاعی شعبوں کا اجرائ، ہرعلاقہ میں سستے انصاف کی عدالتوں کا قیام بھی آپ ؓ کا منفرد کارنامہ ہے حضرت عثمان غنیؓ تمام صوبوں کے گورنر ، قاضی اور ارکان دولت کی چھان پھٹک کر کے نہایت زیرک اور محنتی حاکم مقرر کرتے ،آپ ؓ کا طریقہ تھا کہ ہر تین ماہ یا چھ ماہ بعد گورنروں اور عمال حکومت کے نام ہدایات جاری کرتے رہتے تھے ایک مرتبہ سیدنا حضرت عثمان غنیؓ نے گورنروں کے نام حکم نامہ جاری کیا جس میں یہ تحریر تھا کہ ! ”بلاشبہ اللہ تعالیٰ نے امام یا امیر کو یہ حکم دیا ہے کہ وہ قوم کا نگران یا چرواہا ہو، اور اللہ تعالیٰ نے اس لیئے اس کو امیر نہیں بنایا کہ وہ عوام کو ٹیکسوں کے بوجھ تلے روندھ ڈالے“
ابن سعد ؓ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عثمان غنیؓ کو اس حالت میں دیکھا کہ دوپہر کے وقت مسجد نبویکے صحن میں کچّی اینٹ کا تکیہ سرکے نیچے رکھے ہوئے آپ ؓ آرام فرمارہے ہیں، میں نے گھر جاکر اپنے والد سے دریافت کیا کہ ایسا حسین و جمیل شخص اس حالت میں کون تھا جو مسجد نبوی میں لیٹا ہوا تھا والد نے کہا کہ یہ امیر المو¿منین سیدنا عثمان ؓ ہیں (ابن کثیر جلد 7 ص:213) حضرت عثمان غنیؓ کا دور خلافت بے مثال اصلاحات اور رفاعی مہمّات سے عبارت ہے، سادہ طرز زندگی ، سادہ اطوار ، اعلیٰ اخلاق ، عام آدمی تک رسائی ، ظلم و جور سے نفرت ، زیادتی اور تجاوز سے دوری آپؓ کے شاہکار کارناموں میں شامل ہے، آپ ؓ کے پہلے چھ سال فتوحات و کامیابی و کامرانی کے ایسے عنوان سے عبارت ہیں کہ جنپر اسلام کی پوری تاریخ فخر کرتی رہے گی۔
خلیفہ سوم سیدنا عثمان غنی کو مصر کے بلوائی شہید کرنے کے در پے تھے اور تقریباً ساڑھے سات سو بلوائیوں نے ایک خط کا بہانہ بنا کر ملک میں بد امنی بیدا کر کے مدینہ منورہ پر قبضہ کر لیا اس دوران سیدناحضرت علی المرتضیٰؓ اور دیکر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم نے باغیوں کا سر کاٹنے کی اجازت چاہی تو آپؓ نے اجازت دینے انکار کرتے ہوئے فرمایا کہ ! مجھ سے یہ نہ ہوگا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا خلیفہ ہو اور خود ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کا خون بہاو¿ں مدینہ منورہ میں بلوائیوں نے بغاوت کا ایک ایسا وقت طے کیا کہ جب مدینہ منورہ کے تمام لوگ حج پر گئے ہوں اور صرف چند افراد یہاں ہوں تاکہ ایسے وقت میں امیر المو¿منین سیدنا حضرت عثمان غنیؓ کو خلافت سے دستبرار کر واکر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے اسلام کی پر شکوہ ”قصرِ خلافت“ کو مسمار کرتے ہوئے ، حضور اقدص صلی اللہ علیہ وسلم کے شہر کو آگ و خون میں مبتلا کر کے اسلام کی مرکز یت کو پارہ پارہ کر دیا جائے۔
ایک موقعہ پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ ! اے عثمان! اللہ تعالیٰ تجھے خلافت کی قمیص پہنائیں گے، جب منافق اس خلافت کی قمیص کو اتارنے کی کوشش کریں تو اس کو مت اتارنا یہاں تک کہ مجھے آملو (شہید ہو جاو¿) چنانچہ آخری وقت میں جب باغیوں اور منافقوںنے آپؓ کے گھر کا محاصرہ کیا تو آپؓ نے فرمایا کہ ! مجھ سے حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے عہد لیا تھا(منافق خلافت کی قمیص اتارنے کی کوشش کرینگے تم نہ اتارنا) چنانچہ میں اس عہد پرقائم ہوں اور صبر کر رہا ہوں، 35ھ ذیقعدہ کے پہلے عشرہ میں باغیوں نے آپ ؓکے گھر کا محاصرہ کیا حافظ عماد الدین نے ”البدایہ والنہایہ“ میں لکھا ہے کہ باغیوں کی شورش میں حضرت عثمان غنیؓ نے صبر و استقامت کا دامن نہیں چھوڑا محاصرہ دوران چالیس روز تک آپؓ کا کھانا اور پانی باغیوں نے بند کر دیا اور 18ذوالحجہ کو چالیس روز سے بھوکے پیائے 82 سالہ مظلوم مدینہ خلیفہ سوم سیدنا عثمان غنی ؓ کو جمعہ المبارک کے روز ، قرآن مجید کی تلاوت کرتے ہوئے روزہ کی حالت میں انتہائی بے دردی کے ساتھ شہید کر دیا گیا سیدنا حضرت عثمان غنی ؓ نے12 دن کم 12سال تک 44 لاکھ مربع میل کے وسیع و عریض خطہ پر اسلامی سلطنت قائم کرنے اور نظام خلافت کو چلانے کے بعد جام شہادت نوش کیا ۔ 
 مولانا مجیب الرحمن انقلابی

No comments:

Post a Comment